Official Web

سنکیانگ میں اقتصادی سماجی ترقی کا روشن باب رواں برس یکم اکتوبر سنکیانگ ویغور خوداختیار علاقے کے قیام کی 65ویں سالگرہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔

سنکیانگ کا جغرافیائی رقبہ سولہ لاکھ مربع کلومیٹر سے زائد ہے جبکہ آبادی اڑھائی کروڑ سے زیادہ ہے۔یہاں پچاس سے زائد مختلف قومیتیں آباد ہیں اور ہر فرد ایک خوبصورت سنکیانگ کی تعمیر کے لیے محنت کر رہا ہے۔

ایک وقت تھا کہ سنکیانگ مذہبی انتہا پسند ، علیحدگی پسند اور متشدد  قوتوں کے باعث شدید طور پر متاثر تھا ۔ یہاں دہشت گردی اور تشدد کے واقعات معمول تھے جس سے تمام اقلیتی قومیتوں کے لوگوں کی زندگیوں اور املاک  کو شدید  نقصان پہنچ رہا تھا۔کچھ اعداد و شمار کے مطابق سن 1990سے 2016تک مذکورہ بالا تینوں عوامل کے باعث سنکیانگ  اور دیگر مقامات پر متشدد دہشت گرد واقعات میں بے شمار معصوم لوگ مارے گئے ،سینکڑوں پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے جبکہ املاک کو پہنچنے والے نقصان کا تو اندازہ ہی نہیں۔

اس صورتحال میں سنکیانگ میں انسداد دہشت گردی کی شدت سے ضرورت محسوس کی گئی ، قانون کے مطابق متشدد دہشت گردی سے نمٹتے ہوئے گورننس کی بہتری اور فنی تربیتی اداروں کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔ سنکیانگ کے جنوبی علاقے ہوتن کی مثال دی جائے تو متشدد واقعات کے باعث سیاح یہاں کا رخ کرنے سے کتراتے تھے لیکن حالیہ برسوں میں انسداد دہشت گردی و انتہا پسندی اقدامات کی وجہ سے مقامی لوگوں نے سیاحت کی صنعت کو مستحکم کیا ہے اور تیزرفتار ترقی سے فائدہ اٹھایا ہے۔

آج مسلسل تین برس سے زائد ہو چکے ہیں جب سنکیانگ میں دہشت گردی کا  کوئی ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔متشدد دہشت گرد سرگرمیوں کا موئثر طور پر خاتمہ کیا گیا ہے ،انتہا پسندی کے خاتمے کی کوششوں سے ٹھوس ثمرات برآمد ہوئے ہیں ، سماجی استحکام نمایاں طور پر بہتر ہوا ہے  اور تمام نسلی گروہوں سے وابستہ افراد  خوشحال زندگی بسر کر رہے ہیں۔

سنکیانگ میں اقتصادی و سماجی ترقی کو عالمی برادری بھی تسلیم کرتی ہے۔رواں برس جولائی میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں چالیس سے زائد ممالک نے سنکیانگ میں انسانی حقوق کے تحفظ ، اقتصادی سماجی ترقی اور  انسداد دہشت گردی و انتہا پسندی میں حاصل شدہ کامیابیوں کو بھر پور سراہا۔انتیس مئی دو ہزار بیس کو پانچ برسوں کی مسلسل محنت کے بعد  سنکیانگ میں بقائے آب کا بڑامنصوبہ سنکیانگ اتلش واٹر کنٹرول پروجیکٹ ڈیم مکمل کر لیا گیاہے۔ریاست کی جانب سے دریائے  یرچھانگ کے بہتر انتظام کی خاطر چودہ ارب یوان کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس سے دریا کے آس پاس لاکھوں لوگوں کو سیلاب سے بچانے میں مدد ملے گی اور اُن کی زندگیوں کا تحفظ کیا جا سکے گا۔

سنکیانگ میں مالیاتی بجٹ کا  ستر فیصد سے زائد لوگوں کے بہتر معیار زندگی کو یقینی بنانے کی خاطر استعمال کیا جاتا ہے ۔یہاں لوگوں کو روزگار کی فراہمی ،تعلیم ،طبی نگہداشت ،سماجی تحفظ اور رہائش کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبوں کو انتہائی پزیرائی ملی ہے۔

حالیہ برسوں میں چین کی مرکزی اور مقامی حکومت نے سنکیانگ میں  تعلیم ، بہتر صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سےغربت کے خاتمے کی کوششوں میں تیزی لائی ہے۔انسداد غربت کے لیے لوگوں کی   محفوظ مقامات پر منتقلی سمیت صنعتی ترقی ،زمینی وسائل کی فراہمی ،ماحولیاتی تحفظ اور سماجی سلامتی کو یقینی بنایا گیا ہے۔دو ہزار انیس کے اواخر تک یہاں مجموعی طور پر 2.9232 ملین لوگوں کو غربت کی لکیر سے باہر نکالا گیا ہے جبکہ یہ امید ہے کہ رواں برس تمام افراد غربت سے نجات پا لیں گے۔

سنکیانگ، چین۔یورپ ایکسپریس ٹرینوں کی بھی اہم گزرگاہ ہے ۔یہاں سے سالانہ سینتیس سو سے زائد ٹرینیں گزرتی ہیں جبکہ شدید وبائی صورتحال میں بھی یہ سلسلہ نہیں تھما ہے جس کے باعث انسداد وبا کی کوششوں کو تقویت ملی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ سنکیانگ کے سترہ ممالک ،پچیس عالمی شہروں اور اٹھاسی ملکی شہروں کے ساتھ فضائی روابط استوار ہیں۔ شاہراہ ریشم اقتصادی پٹی کی تعمیر میں ایک اہم مقام کی حیثیت سے سنکیانگ کھلے پن اور اقتصادی سرگرمیوں کے مرکز میں ڈھل چکا ہے جس سے یہاں کے عوام مزید وسیع پیمانے پر مستفید ہوں گے۔