Official Web

بھارتی حکومت کی انتقامی کارروائیوں پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا دفاتر بند کرنے کا اعلان

بھارتی حکومت کی انتقامی کارروائی سے مجبور ہو کر انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت میں تنظیمی کام روکنےکا اعلان کردیا۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل  کے مطابق بھارتی حکومت کی انتقامی کارروائی کی وجہ سے مجبوراً کام روکنا پڑ رہا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت انسانی حقوق کی تنظیموں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق بھارت میں ادارے کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے ہیں جب کہ بھارتی حکومت نے ادارے کو  تمام کام اور  ریسرچ ورک  معطل کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت سے تمام اسٹاف نکالنے پر بھی مجبورکر دیا ہے۔

ڈائریکٹر ایمنسٹی انڈیا رجت کھوسلہ  نے برطانوی نشریاتی ادارے سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہمیں غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، ایمنسٹی انڈیا کو حکومت کے انتہائی منظم حملوں، دھونس اور  ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

رجت کھوسلہ نے بتایا کہ بھارتی حکومت کے یہ اقدامات انسانی حقوق کے لیے کام کرنےکی وجہ سے ہیں، بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور دہلی فسادات سے متعلق ہمارے سوالات کے جواب نہیں دینا چاہتی۔

ڈائریکٹر ایمنسٹی انڈیا نے مزید بتایا کہ ایمنسٹی انڈیا تمام ملکی اور بین الاقوامی قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری کرتا ہے۔

%d bloggers like this: