Official Web

وزیر خارجہ سے عبداللہ عبداللہ کی ملاقات، افغان امن عمل سمیت اہم امور پر گفتگو

اسلام آباد:  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغانستان کی اعلیٰ سطح مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل، بین الافغان مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان اعلیٰ سطح مفاہمتی کونسل کے مرکزی عہدیداران بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق، افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان، ترجمان وزارت خارجہ زاہد حفیظ چودھری اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ ہم افغانستان کی علاقائی سالمیت، خود مختاری کا احترام کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان شروع سے کہتے آ رہے ہیں کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں ہے۔ آج دنیا اس نکتہ نظر کو سراہ رہی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانوں کی سربراہی میں، افغانوں کو قابلِ قبول مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے پر امن اور دیرپا سیاسی حل کا حامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے افغان امن عمل میں خلوص نیت سے مصالحانہ کردار ادا کرتا چلا آ رہا ہے۔ امریکہ طالبان امن معاہدہ اور بعد ازاں دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا انعقاد وہ تاریخی اور نادر مواقع ہیں جن سے افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے امید کی شمع روشن ہوئی۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افغان قیادت کو ان نادر مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے سنجیدہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ افغانستان میں قیام امن، خطے کی تعمیر وترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ ہمیں افغان امن عمل کے حوالے سے جاری کاوشوں کے دوران ان شرپسند عناصر پر بھی نظر رکھنا ہوگی جو اس خطے میں امن و استحکام کو شرمندہ تعبیر ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی تعمیر وترقی اور معاشی استحکام کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔ پاکستان دہائیوں سے مقیم، لاکھوں، افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی کا خواہاں ہے۔ پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کا خواہشمند ہے۔

چیئرمین افغان اعلیٰ سطح مفاہمتی کونسل ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پاکستان کی طرف کی طرف سے کی جانے والی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔