جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی: وسیم خان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے انھوں نے انٹرنیشنل ٹیموں کے پاکستان دورے سے متعلق کہا کہ زمبابوے کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، پروٹیز ٹیم جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی، امید ہے ملک میں مزید کرکٹ بھی آئے گی، پاکستان ٹیم بھی نیوزی لینڈ جائے گی،جہاں 2 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

وسیم خان نے کہا ہے کہ کلب کرکٹ پی سی بی کے لیے بہت ضروری ہے، ملک میں اپنے تمام کلبوں کو رجسٹرڈ کریں گے۔ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کرونا کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی، اب تک 2 کرکٹ ایسوسی ایشنز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں دیگر بھی ہوں گی۔

وسیم خان نے کہا کہ نئے قانون میں 6 ایسوسی ایشنز رکھی گئی ہیں، ہماری 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کلب کرکٹ کو چلائیں گے، پی سی بی کے لیے کلب کرکٹ بہت ضروری ہے، اس لیے تمام کلبز کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

 

پی ایس ایل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ کیس عدالت میں ہے اس لیے کیس کے حوالے سے ابھی بات نہیں کی جا سکتی، تاہم پی ایس ایل میچز کے بعد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، مشکل حالات میں پاکستان کرکٹ بورڈ بہترین کام کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کو وِڈ 19 کے بعد کرکٹ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، مصباح الحق اور اظہر علی سے اگلے ہفتے ملاقات کروں گا۔