سعودی حکومت نے 4 اکتوبر سے عمرہ کی اجازت دے دی

ریاض: سعودی حکومت نے 4 اکتوبر سے عمرہ کی اجازت دے دی، روزانہ 6 ہزارسعودی شہری اور مقیم غیر ملکی سعادت حاصل کر سکیں گے، یکم نومبر سے روزانہ بیس ہزار دیگر ممالک سے بھی معتمرین آ سکیں گے۔

امت مسلمہ کیلئے بڑی خوش خبری، سعودی عرب کی جانب سے چار اکتوبر سے عمرہ کی اجازت دے دی گئی۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق عمرہ مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں سعودی شہریوں اور مقیم افراد کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہو گی۔

روزانہ 6 ہزارسعودی شہری اور سعودی عرب میں مقیم مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی عمرہ کرسکیں گے، عمرہ کا تیسرا مرحلہ یکم نومبر سے شروع ہو گا۔ اس مرحلے میں غیر ملکی معتمرین بھی عمرہ کی ادائیگی کرسکیں گے۔ دوسرے ممالک کے بیس ہزارمعتمرین کو روزانہ حجاز مقدس آنے کی اجازت ہوگی۔

اس حوالے سے وزارت صحت اور متعلقہ حکام کے مقرر ضوابط نافذ کیے جائیں گے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ میں عمرے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔