Official Web

ملک میں شیعہ سنی فساد کرانے کی بھارتی سازش ناکام بنا دی گئی: شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے پاکستان نے این آر او کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں حساس قسم کے بل کی مخالفت کی، لیکن کل حکومت کو ایف اے ٹی ایف کے معاملے میں بہت بڑی فتح ہوئی، حکومت نے زبردست قسم کا برج عبور کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے منی لانڈرنگ بل پر بارگیننگ نہیں کی اور نہ سرینڈر کیا، نیب کے کیسز میں حکومت نے جھکاؤ نہیں دکھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف میں جرات نہیں کہ جیل نہیں کاٹ سکیں، وہ آج بھی این آر او کی تلاش میں ہیں لیکن کل پاکستان نے این آر او کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کسی نےکوئی ریڈ لائن کراس نہیں کی، کل کے اجلاس میں شہباز شریف کا مورال تھوڑا کمزور تھا اور پیپلز پارٹی زیادہ فعال تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میری شام میں بلاول اور شہباز سے ملاقات ہوئی، سب مزے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں کل شہباز شریف نے ایسی کوئی غلط بات نہیں کی، شہباز شریف نے کل اسمبلی اور اسپیکر کا پورا احترام کیا، رات شہباز سے ذرا بات نہ ہوسکی ورنہ شہباز شریف سےکہتا کہ وہ اپنےآپ کو ضائع نہ کریں۔

وفاقی وزیر نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ان شاء اللہ "ش ” نکلے ہی نکلے، "ش” کا نکلنا طے ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 20 ستمبر کو اے پی سی ناکام ہو گی، اپوزیشن سوائے جلسے جلوس کے کچھ نہیں کرے گی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں جو مرضی شامل ہو جائے، مریم بھی شامل ہو جائیں، کچھ بھی نہیں ہو گا، اپوزیشن ٹائیں ٹائیں فش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 20 ستمبر کو اپوزیشن اپنے سے بڑا کوئی فیصلہ نہیں کرے گی اور نہ ہی کر سکتی ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں شیعہ سنی فساد کرانے کی بھارتی سازش ناکام بنا دی گئی ہے، شیعہ سنی علما کو قتل کرنے کا منصوبہ بنانے والے کچھ لوگ پکڑ لیے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ سازش یہ تھی کہ راولپنڈی اسلام آباد جیسے حساس شہروں میں قتل و غارت کر کے ملک بھر میں آگ لگائی جائے، جو ملزمان کو پکڑ کر ناکام بنا دی گئی ہے، ملک میں قائم شیعہ سنی ہم آہنگی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

%d bloggers like this: