Official Web

انسداد غربت میں چین کی اعلیٰ قیادت کا مثالی عملی کردار

رواں سال 2020 چین سے غربت کے مکمل خاتمے کا سال ہے۔ صدر شی جن پھنگ کی متحرک قیادت میں چینی حکومت کی کوشش ہے کہ غربت کے مکمل خاتمے سےایک اعتدال پسند خوشحال معاشرے کی تکمیل کی جائے۔انسداد غربت میں چین کی اعلیٰ قیادت کی سنجیدگی اور دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ صدر شی جن پھنگ نے حالیہ دنوں صوبہ حونان کا دورہ کیا اور تخفیف غربت کے امور کا  جائزہ لیا۔انہوں نے ایک چھوٹے سے گاوں کا دورہ کیا اور دیہی باشندوں سے اُن کے حالات زندگی سے متعلق دریافت کیا۔اس سے قبل بھی چینی صدر متعدد مرتبہ انسداد غربت کے امور کا جائزہ لینے کے لیے مختلف صوبوں کا دورہ کر چکے ہیں اور اُن کی جانب سے غربت کے خاتمے کے لیے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

چین کی کوشش ہے کہ غربت کے مکمل خاتمے سے ترقی کے ثمرات تمام عوام تک یکساں بنیادوں پر فراہم کیے جائیں۔اس ضمن میں انسداد غربت کی کوششوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ اگرچہ چند حلقوں کا یہ خیال تھا کہ کووڈ۔19کی وبائی صورتحال میں شائد چین غربت کے خاتمے سے متعلق اپنے اہداف میں تبدیلی لائےگا مگر چین کی اعلیٰ قیادت نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے یہ عزم ظاہر کیا کہ موجودہ معیارات کے تحت ہی سال 2020ملک سے مکمل غربت کے خاتمے کا سال ہو گا۔

چین نے گزشتہ  چالیس برسوں میں 70کروڑ سے زائد لوگوں کو غربت کی دلدل سے باہر نکالا ہے۔سال 2012سے سال 2019کے درمیان 9کروڑ سے زائد لوگوں کو غربت سے نجات دلائی گئی ۔سال 2019کے اواخر تکغربت کے شکار افراد کی تعداد  صرف 55لاکھ تک رہ چکی ہے جبکہ غربت کی مجموعی شرح 10.2فیصد سے کم ہو کر صرف0.6فیصد کی سطح تک آ چکی ہے۔انسداد غربت میں چین کی ان بے مثال کامیابیوں سے دنیا بھی سیکھنے کی خواہش مند ہے۔ابھی حال ہی میں اقوام متحدہ کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انسداد غربت میں چین کے کامیاب تجربات سے سیکھتے ہوئے اقوام متحدہ کے سال 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔دنیا کے لیے تعجب انگیز ہے کہ چین دس برس قبل ہی انسداد غربت کا ہدف حاصل کرنے کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے۔

انسداد غربت کی کوششوں میں ایک جانب جہاں چینی کمیونسٹ پارٹی کی مضبوط قیادت کی بدولت پالیسیوں کا تسلسل دیکھنے میں آیا وہاں دوسری جانب وقت کے بدلتے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالتے ہوئے پیش قدمی کی گئی۔شہروں کی طرز پر دیہی علاقوں میں بھی لوگوں کو تعلیم ،صحت ،رہائش سمیت تمام بنیادی ضروریات زندگی فراہم کی گئیں۔زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا جس کا فائدہ یہ ہوا کہ لوگوں نے شہروں کا رخ کرنے کی بجائے اپنے اپنے علاقوں میں روزگار کو ترجیح دی۔دشوار گزار پہاڑی علاقوں سے لوگوں کو جدید سہولیات سے آراستہ نئے رہائشی مقامات پر منتقل کیا گیا جہاں اُن کی بہتر دیکھ بھال اور روزگار کے انتظام کو یقینی بنایا گیا۔غربت سے دوچار علاقوں کو جدید ٹیکنالوجی بالخصوص انٹرنیٹ تک رسائی دی گئی جس کے ثمرات آج سامنے آ رہے ہیں جب ایک عام کسان بھی اپنی زرعی مصنوعات باآسانی آن لائن فروخت کر سکتا ہے۔ چین کی جانب سے دیہی سیاحت کے فروغ کا ایک نیا ماڈل سامنے آیا ، اس کا فائدہ یہ ہوا کہ لوگوں نے تعطیلات کے دوران  بیرونی ممالک یا بڑے شہروں کا رخ کرنے کی بجائے پرسکون دیہی علاقوں کا رخ کیا جس سے مقامی لوگوں کی آمدن میں زبردست اضافہ ہوا اور روزگار کے نت نئے مواقع سامنے آئے۔

انسداد غربت میں اگر چین کی کامیابیوں کا احاطہ کیا جائے تو ایک چیز واضح ہے کہ تمام تر مسائل کے باوجود چین نے غربت کے خاتمے کی کوششوں کو سست روی کا شکار نہیں ہونے دیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج چین پوری دنیا بالخصوص ترقی پزیر ممالک اور غربت سے دوچار ممالک کے لیے امید کی ایک کرن اور ترقی کا بہترین قابل تقلید نمونہ ہے۔