Official Web

کراچی کی ہجرت کالونی میں 3 منزلہ عمارت میں آتشزدگی، 4 افراد جاں بحق

کراچی:  کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، تنگ گلیوں کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔

کراچی میں ہجرت کالونی میں 3 منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے بچی سمیت 4 افراد جھلس کر جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، فائر بریگیڈ نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ آتشزدگی کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہوسکی۔

ڈپٹی کمشنر ساوتھ ارشاد علی سودھر نے کہا ہے کہ آگ کیسے لگی اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دیر سے پہنچی جس کی وجہ سے نقصان ہوا۔

جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو پہلی منزل پر رہائش پذیر تھے، واقعہ میں زخمی 3 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔