Official Web

قائداعظم کی 72 ویں برسی: صدر مملکت کی مزار پر حاضری، پھول چڑھائے

کراچی:  بانی پاکستان قائداعظم کی 72 ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

پاک بحریہ کے بگلرز نے ماتمی دھن بجا کر عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کیا اور سلامی دی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔

تقریب کے بعد صدر مملکت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کورونا وائرس کے دوران ڈاکٹروں اور مخیر حضرات نے بیڑہ اٹھایا، حکومتوں نے غریبوں کی احساس پروگرام کے ذریعے فکر کی، علماء، میڈیا سب مل کر قوم کو کورونا وائرس سے متعلق آگاہی دیتے رہے، قوم نے ڈسپلن کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا۔

صدرمملکت عارف علوی کا کہنا تھا کورونا پر قابو پانا بھی قوم کی انوکھی کامیابی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سے متعلق کہا جا رہا کہ اس قوم سے کچھ سیکھا جاسکتا ہے، دنیا کی بہتر قوموں میں اپنا نام لکھوانے کیلئے پاکستانی قوم بالکل تیار ہے۔

عارف علوی نے کہا قائد کے فرمودات پر عمل کر کے ہم ہر مشکل سے عہدہ برا ہوسکتے ہیں، عالمی برادی میں اپنا مقام بنانے کیلئے ہمیں محمد علی جناح کے افکار پر عمل کرنا ہوگا۔