Official Web

کراچی کے اللہ والا ٹاؤن میں رہائشی عمارت گرگئی

کراچی: کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں رہائشی عمارت گر گئی۔

 کراچی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن میں چار منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی جس میں کچھ افراد کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

عمارت گرنے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ عمارت میں کچھ خاندان رہائش پذیر تھے اور ان کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جس مقام پر عمارت گری ہے وہاں کافی عرصے سے پانی کھڑا رہا۔ زمین بوس ہونے والی عمارت میں چھ فیملی کے رہائش پذیر ہونے کی رپورٹ ہے

واقعہ کے بعد پولیس رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

ریسکیو ٹیمیوں کے رضاکار بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے مشینری بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے۔

ذرائع کاکہنا ہےکہ عمارت کے ملبے سے اب تک 5 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کے اہل کار ذوالفقار کی فیملی بھی اسی مکان میں رہائش پذیر ہے، ذوالفقار اپنے اہل خانہ کو فون کر رہے ہیں مگر کوئی فون پر رابطے میں نہیں آ رہا۔

ایس بی سی اے کے ذرائع کاکہنا ہے کہ گرنے والی عمارت کو مخدوش قرار نہیں دیا گیا تھا تاہم عمارت گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ عمارت کا نقشہ پاس کرایا گیا تھا یا نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اللہ والا ٹاؤن میں جس مقام پرعمارت گری ہے وہاں کافی عرصے سے پانی کھڑا رہا۔

نوٹ: اس خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں۔