Official Web

غیراخلاقی ڈراموں پرپابندی لگانے پرعتیقہ اوڈھوپیمرا پربرس پڑیں

کراچی: اداکارہ عتیقہ اوڈھوغیر اخلاقی مواد دکھانے والے ڈراموں پر پیمرا کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی سے بالکل خوش نہیں۔

پاکستانی الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے چند روزقبل سماجی اور مذہبی اقدار کے منافی مواد دکھانے پر پاکستانی نجی چینل کے دو ڈراموں ’’پیارکے صدقے‘‘ اور ’’عشقیہ‘‘ کے نشر مکرر پر پابندی لگادی تھی۔

جہاں ڈرامے کے پروڈیوسرز و ڈائریکٹرز نے پیمرا کے اس فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا وہیں ڈراما سیریل ’’پیار کے صدقے‘‘ میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ عتیقہ اوڈھو پیمرا کے اس فیصلے سے بالکل خوش نہیں ہیں۔

گزشتہ روز انہوں نے انسٹاگرام پر ایک لمبی چوڑی پوسٹ کی جس میں انہوں نے ڈراموں پرپابندی لگانے کے پیمرا کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا  ’’کیا واقعی پیمرا؟ کیا یہی جمہوری طرززندگی ہے؟ ڈراموں نے اہم معاشرتی مسائل پیش کیے جنہیں اصلاح کی ضرورت ہے۔ ڈراموں میں دکھائے جانے والے مواد سے لوگوں کوذہنی صحت، معاشرتی نا انصافیوں، منافقتوں اور طاقت کے غلط استعمال وغیرہ کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

اگرہم ان مواد پرجمی گرد کو صاف نہیں کریں گے اوران پر بحث و مباحثہ نہیں کریں گے تو ہم بطورایک قوم کبھی بھی مثبت تبدیلی کی طرف ترقی نہیں کریں گے۔ ڈرامے دیکھنے والوں کے ساتھ ایسا سلوک کرنا بند کردیں جیسے وہ بیوقوف ہیں اورباقی دنیا میں یہ سب نہیں دکھایا جارہا۔

عتیقہ اوڈھو نے پیمرا کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پیمرا کو ڈراموں کے ذریعے معاشرتی آگاہی بیدار کرنے کی پالیسیزبنانی ہوں گی۔ اپنی پوسٹ کے آخرمیں انہوں نے پی ٹی آئی کی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا ’’تبدیلی تبدیلی تبدیلی انصاف انصاف انصاف۔‘‘

واضح رہے کہ نجی چینلوں پر دکھائے جانے والے ڈراموں کے مواد پر صارفین نے اعتراض اٹھایا تھا کہ ان ڈراموں میں معاشرتی اقدار کے خلاف مواد دکھایا جارہا ہے جب کہ گزشتہ ماہ ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا تھا کہ کچھ ڈراموں میں مقدس رشتوں کی تذلیل کی گئی ہے۔