Official Web

نیا بلدیاتی نظام حقیقی معنوں میں عوام کو نچلی سطح پر با اختیار بنائیگا: وزیراعلی پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام حقیقی معنوں میں عوام کو نچلی سطح پر با اختیار بنائے گا، پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ کے منجمند فنڈز بحال کر دیئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت بلدیاتی اداروں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا بلدیاتی اداروں کو بہتر بنا کر ترقی کو عوام کی دہلیز تک لے جائیں گے، پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹس کے منجمند فنڈز بحال کر دیئے ہیں، ان فنڈز کی تقسیم منصفانہ ہوگی، پنجاب کے ہر شہر اور گاؤں میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا لوکل گورنمنٹس کے فنڈز کو عوام کی ضروریات کے مطابق استعمال میں لایا جائے گا، فنڈز کے استعمال میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنائیں گے، بلدیاتی ادارے اپنی بنیادی ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔