Official Web

نوازشریف نے سرنڈر کرنے کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کیلیے درخواست دائر کردی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے ہائی کورٹ کے سامنے سرنڈر کرنے کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کے لیے درخواست دائر کردی۔   

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کل عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کے لیے درخواست دائر کردی ہے، خواجہ حارث کی جانب سے دائر درخواست میں نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ بھی منسلک کی گئی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کی عدم موجودگی میں ان کے نمائندہ وکیل کو پیش ہونے کی اجازت دی جائے، نوازشریف کی میڈیکل کنڈیشن ایسی نہیں کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہو سکیں لہذا سرنڈر کرنے کے حکم پر عدالت نظرثانی کرے۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی 4 ستمبر کی میڈیکل رپورٹ منسلک کی گئی ہے جس کے مطابق نواز شریف ہائیپر ٹینشن اور امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، میڈیکل رپورٹ میں نواز شریف کو دی جانے والی ادویات کا بھی ذکر کیا گیا ہے جب کہ میڈیکل رپورٹ نواز شریف کے معالج ڈاکٹر ڈیوڈ آر لارنس نے جاری کی۔