Official Web

کسی بھی قیمت پر ٹوکیو گیمز کا انعقاد انتہائی ضروری ہے، جاپانی وزیر برائے اولمپک

ٹوکیو: جاپان کے وزیر برائے اولمپک سیکو ہاشی موٹو نے کہا ہے کہ ٹوکیو گیمز کا ہر صورت انعقاد ضروری ہے، اس کیلئے کوئی بھی قیمت ہی کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔

گزشتہ روز انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ کورونا کا خاتمہ ہو یا نہ ہو، ٹوکیو گیمز ہر صورت کروائی جائیں گی۔ خیال رہے کہ اولمپک گیمز رواں سال جولائی میں شیڈول تھیں، تاہم دنیا بھر میں کورونا کی وبائی صورتحال کے پیش نظر انھیں معطل کر دیا گیا تھا۔

انٹرنیشنل اولپمک کمیٹی کی جانب سے اب آئندہ سال مارچ 2021ء میں ٹوکیو گیمز کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جاپان کے وزیر برائے اولمپک سیکو ہاشی موٹو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کھیل سے جڑے تمام افراد اور اتھلیٹس بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔

ادھر اولمپک آرگنائزر ٹوکیو گیمز کے انعقاد کیلئے سر جوڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں تاکہ کورونا وائرس سے بچاؤ، کھلاڑیوں کیلئے حفاظتی انتظامات اور شائقین کی موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔