Official Web

کاملہ ہیرس کا صدر بننا امریکا کیلئے بے عزتی کی بات ہو گی: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن اور نائب صدارتی امیدوار کاملہ ہیرس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیرولینا میں صدارتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بائیڈن نے بدترین انتہاپسندوں اور خطرناک عناصر سے اتحاد کر لیا ہے اور اگر جو بائیڈن انتخابات جیت گئے تو امریکا تباہ ہو جائے گا۔

ٹرمپ نے ڈیموکریٹکس کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے گدھوں نے اپنی نامزدگی کے لیے ہمارے قصبوں کو تباہ کر دیا ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی نائب صدارتی امیدوار کاملہ ہیرس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میری بیٹی ایوانکا، کاملہ سے بہتر صدارتی امیدوار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی عوام کاملہ ہیرس کو پسند نہیں کرتے، کاملہ پہلی خاتون صدر نہیں بن سکتیں، ایسا ہونا امریکا کے لیے بے عزتی کی بات ہو گی۔

خیال رہے کہ اگر جو بائیڈن صدارتی انتخابات جیت جاتے ہیں اور 2024 میں دوسری مدت کے لیے انتخابات میں حصہ نہیں لیتے تو کاملہ ہیرس ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے امریکی صدارتی امیدوار ہوں گی۔