Official Web

کیا سام سنگ کا نیا فون دونوں طرف فولڈ ہوسکے گا؟

موبائل بنانے والی جنوبی کورین کمپنی سام سنگ دو جانب فولڈ ایبل (یعنی دونوں طرف مڑنے والے) اسمارٹ فون بنانے کی تیاری کررہی ہے۔

یہ خبریں ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنا پہلا مڑنے والا (فولڈ ایبل) اسمارٹ فون ‘مائیکروسافٹ سرفیس ڈیوو’ حال ہی میں متعارف کروایا ہے جس کی سب سے خاص بات یہی ہے کہ وہ دونوں طرف سے 360 ڈگری پر مڑسکتا ہے۔

مائیکروسافٹ سرفیس ڈیوو 10 ستمبر سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگا اور اس کی قیمت پاکستانی روپے میں تقریباً 2 لاکھ 32 ہزار روپے ہے۔

دوسری جانب سام سنگ نے بھی حال ہی میں اپنی فولڈ ایبل سیریز کا دوسرا اسمارٹ فون گلیکسی زیڈ فولڈ 2 بھی متعارف کروایا ہے جو کہ 18 ستمبر سے عام مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔

سام سنگ کے اس فون کی قیمت تقریباً 3 لاکھ 31 ہزار پاکستانی روپے ہے جو کہ مائیکروسافٹ سرفیس ڈیوو سے کہیں زیادہ ہے۔

سام سنگ کا گلیکسی زیڈ فولڈ 2 بھی جدید خصوصیات کا حامل ہے جو کہ موبائل فون اور ٹیبلٹ دونوں موڈز میں استعمال ہوسکتا ہے۔

سام سنگ کا یہ نیا اسمارٹ فون بلا کسی رکاوٹ اور آواز کے فولڈ ہوسکتا ہے اور اس میں اندورنی ڈبل اسکرین کے علاوہ ایک اضافی بیرونی ڈسپلے بھی ہے جس کے ذریعے فون کے بنیادی فیچرز کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اسمارٹ فون کے صارفین جہاں دونوں کمپنیوں کے نئے فونز کے فیچرز کے ساتھ ان کی قیمتوں کے فرق پر بھی بات کررہے ہیں وہیں یہ افواہیں بھی سرگرم ہیں کہ سام سنگ نے فولڈ ایبل سیریز کے تیسرے فون پر کام شروع کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سام سنگ کا گلیکسی زیڈ فولڈ ایس 2021 تک مارکیٹ میں آجائے گا اور یہ فون بھی مائیکروسافٹ سرفیس ڈیوو کی طرح دونوں اطراف فولڈکیاجاسکے گا۔

گلیکسی زیڈ فولڈ ایس کے متعلق یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اس فون کی قیمت بھی مناسب ہوگی جب کہ مائیکروسافٹ سرفیس ڈیوو کے ڈبل اسکرین کے مقابلے میں اس کی سنگل اور لچک دار اسکرین ہوگی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل خود سام سنگ کے علاوہ موٹرولا اور ہواوے بھی فولڈ ایبل اسمارٹ فون لانچ کرچکے ہیں۔

%d bloggers like this: