Official Web

نویں، دسویں، کالجز اور یونیورسٹیز کو 15 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ

لاہور: بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں 15 ستمبر سے نویں، د سویں، کالجز اور یونیورسٹیز کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔

 

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے بین الصوبائی وزرا تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے بھی وزرا تعلیم شریک ہوئے۔

 

اجلاس میں وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق تجاویز پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق سفارشات این سی او سی کو بھجوائی جائیں گی، بڑی کلاسز کھولنے کے بعد کورونا کیسزکو مانیٹر کیا جائے گا۔

 

دوسری جانب وزیراعظم نے کورونا سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا، صوبائی وزرائے اعلی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء، معاونین، سول اور عسکری اداروں کے حکام شریک ہوںگے، کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، این سی او سی کورونا کے اعدادوشمار پر بریفنگ دے گی۔

 

ذرائع کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق صوبائی حکومتوں کی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود تجاویز اور ایس او پیز پر بریفنگ دیں گے، قومی رابطہ کمیٹی تجاویز کی روشنی میں حتمی فیصلہ کرے گی، قومی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔