Official Web

صدر مملکت اور وزیراعظم کے یوم دفاع کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغامات

اسلام آباد:  صدر مملکت اور وزیراعظم نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے، حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کاساتھ دیتےرہیں گے۔ بھارت پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔

صدرِ پاکستان عارف علوی نے قوم کے نام خصوصی پیغام میں کہا کہ آج پوری قوم شہدائے وطن کو سلام اور ان کے اہلخانہ کے جذبہ استقلال کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، وطن عزیز کیلئے جذبہ قربانی 1965 سے ہمارے دلوں میں زندہ ہے، فخر ہے اسی جذبےکی بدولت ہم بہت سےامتحانوں میں خروہوئے۔

عارف علوی نے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبہ ایمانی نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا، ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت، ملکی استحکام میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ ہم نے خطے کے امن و سلامتی کے لیے مثبت کوششیں کی ہیں۔ ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارےخلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے، دشمن اندرونی استحکام کونقصان پہنچانےکی خفیہ سازشوں میں ملوث ہے، ملکی دفاع اور سلامتی پر ہرگزسمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 6 ستمبر کا دن پاک افواج کی جرات، عزم اور ایثار کی علامت ہے، مسلح افواج نے ثابت کیا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، 1965 میں قوم اور افواج نے ثابت کیا کہ حجم نہیں، جذبہ اوربہادری اہمیت رکھتی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ بھارت نے کشمیر میں دہشت اورخوف کا راج مسلط کر رکھا ہے، بھارتی غیرقانونی اقدام اقوام متحدہ کےمنشورکی خلاف ورزی ہے، بھارت ایل او سی پر بھی جارحانہ طرزعمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھے۔