Official Web

یوم دفاع، مزارِ قائدؒ و اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب

کراچی: ملک بھر میں یوم دفاع اور یوم شہدائے پاکستان قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، مزار قائدؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے، لاہور میں مزار اقبال اور نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں تقریبات ہوئیں۔

یوم دفاع اور یوم شہدائے پاکستان پر تقریبات کا اہتمام، کراچی میں مرکزی تقریب مزار قائد پر ہوئی۔ پاک فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند دست نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ اس موقع پر سلامی بھی پیش کی گئی، قومی نغموں کی دھنیں بجائی گئیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل شکیل غضنفر نے مزار قائدؒ پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ فرائض سنبھالنے والے گارڈز میں 3 خواتین سمیت 46 کیڈٹس شامل ہیں۔

مہمان خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئروائس مارشل شکیل غضنفر نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو پاکستان کی بقا کی جنگ تھی، ہمارا مقابلہ کئی گنا بڑے دشمن سے تھا، پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے دشمن کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔

لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پنجاب رینجرز کے چاق چو بند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے اور سلامی پیش کی۔ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی یادگار شہدا پر یوم دفاع کی تقریب ہوئی۔ نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، تقریب کے آخر میں نیول چیف نے شہدا کے اہلخانہ سےملاقات بھی کی۔