Official Web

سندھ میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کی تجویز

کراچیمحکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے ماہ ستمبر میں ہی مرحلہ وار کھولنے کی سفارش کردی ہے جس پر حتمی فیصلہ7 ستمبر کو وفاقی وزیر تعلیم کی زیر صدارت ہونے والے بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں کیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس وزیر تعلیم سعید غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کی ضمنی کمیٹی کے جانب سے بنائی گئی تجاویز کو پیش کیا گیا اور اس سے اصولی اتفاق بھی کیا گیا۔

ان تجاویز کے مطابق15 ستمبر سے نویں اور انٹر تک کلاسز کا آغاز ہو جائے جبکہ چھٹی سے آٹھویں جماعت کی تدریس آئندہ ہفتے 21 ستمبر سے شروع ہوگی اسی طرح پری پرائمری اور پرائمری کلاسز مزید ایک ہفتے بعد 28 ستمبر سے شروع ہوں گی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام تعلیمی بورڈ میٹرک کے نتائج 15 ستمبر تک جاری کردیں گے جبکہ انٹر سال دوئم کے نتائج 30 ستمبر تک جاری ہوجائیں گے تاہم کوئی تعلیمی بورڈ اپنی زیادہ انرولمنٹ کے سبب نتائج میں مزید چند روز کی تاخیر کرسکتا ہے۔

یاد رہے کہ یہ نتائج بغیر امتحان پروموشن پالیسی کے تحت جاری ہوں گے۔

اجلاس میں انٹر سال اول کے داخلے شروع کرنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی جبکہ آئندہ تعلیمی سال 2021/22 شروع کرنے کے حوالے سے کوئی وقت معین نہیں کیا گیا اور نہ ہی میٹرک اور انٹر کے امتحانات کی تاریخوں کا تعین کیا گیا ،اس دوران اجلاس میں چوتھی جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک نصاب میں ایک سال کے لیے کچھ کمی کرنے اور مختلف مضامین کے کچھ اسباق کی تدریس نہ کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی اس تجویز کو ایک ضمنی کمیٹی کے حوالے کیا گیا جو اس پر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں اگر 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان ہوتا ہے تو پھر تمام نجی تعلیمی ادارے اس کمیٹی کے منظور شدہ شیڈول کے مطابق ہی اپنے تعلیمی ادارے کھولیں گے، انھوں نے کہا کہ ہم سندھ کی جانب سے وفاق کی کمیٹی کو سفارش کریں گے۔