Official Web

گھر پر بغیر تکلیف ڈائیلاسس کرنے والی پاکستان کی پہلی مشین تیار

اسلام آباد: وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے نجی میڈیکل کمپنی نے پاکستان کی پہلی بلڈ لیس ڈائیلاسس مشین تیار کرلی جس سے مریض گھر میں ہی بغیر کسی جسمانی تکلیف کے ڈائیلاسس کر سکیں گے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کی پہلی بلڈ لیس (bloodless) ڈائیلاسس مشین بنانے والی میڈیکل ڈیوائسز کمپنی بائی اونکس (Byonyks) کے بانی فرخ عثمان نے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق سے ملاقات کی۔

فرخ عثمان نے انہیں بتایا کہ بائی اونکس نے یہ رسک فری ڈائیلاسس مشین اگنائیٹ سیڈ (SEED) فنڈنگ اور اینجل انویسٹرز کے تعاون سے تیار کی ہے، اس ڈائیلاسس مشین سے کڈنی کے مریض گھر میں بلڈ لیس اور بغیر کسی جسمانی تکلیف کے ڈائیلاسس کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ مشین کی تمام متعلقہ اداروں سے منظوری کے بعد کمرشل بنیادوں پر تیاری ہوگی، اس مشین سے مہنگے طرز علاج سے نجات اور عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔

%d bloggers like this: