Official Web

امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے انسٹا گرام پر 20 کروڑ فالوور والی پہلی خاتون

امریکا کی نامور گلوکارہ آریانہ گرانڈے سوشل میڈیا پلیٹ فام انسٹا گرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی خاتون بن گئی ہیں۔

اگر انسٹا گرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی شخصیت کی بات کی جائے تو اس فہرست میں پرتگال سے تعلق رکھنے والے شہرہ آفاق فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سب سے آگے ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 23 کروڑ 70 لاکھ سے بھی زیادہ ہے۔

لیکن خواتین میں کافی عرصے سے امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے سب سے زیادہ فالوروز رکھنے والی شخصیت ہیں اور اب گلوکارہ نے اس دوڑ میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

27 سالہ آریانا گرانڈے کے انسٹا گرام پر فالوورز کی تعداد 20 کروڑ سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔

اس کے علاوہ آریانا گرانڈے کو شوبز انڈسٹری میں سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی سب سے کم عمر شخصیت کا اعزاز بھی حاصل ہو گیا ہے۔

اس وقت انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز خود انسٹاگرام کے آفیشل پیج کے ہیں جن کی تعداد 36 کروڑ سے زائد ہے جب کہ اس فہرست میں کرسٹیانو رونالڈو دوسرے اور آریانا گرانڈے تیسرے نمبر پر آ گئی ہیں۔

انسٹا گرام فالوورز کے حوالے سے ہالی وڈ اداکار ڈیوائن جونسن کا چوتھا نمبر ہے جن کو فالو کرنے والوں کی تعداد 19 کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ ہے۔

کم کارڈیشین 18کروڑ 70 لاکھ فالوورز کے ساتھ ساتویں نمبر پر جب کہ لیونل میسی 16 کروڑ 60 لاکھ کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہیں۔

گلوکارہ بیونسے 15 کروڑ 30 لاکھ فالوورز کے ساتھ نویں جب کہ دسویں نمبر پر گلوکار جسٹن بیبر ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 14 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ہے۔