Official Web

سکینہ سموں کی فلم ’انتظار‘ کا ورلڈ پریمیئر ہارلم فلم فیسٹیول میں ہوگا

پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی اداکارہ سکینہ سموں کی ڈیبیو فلم ’انتظار‘ کا ورلڈ پریمیئر ’ہارلم فلم فیسٹیول‘ نیویارک میں ہوگا۔

فلم ’انتظار‘ بطور ڈائریکٹر و پروڈیوسر اداکارہ سکینہ سموں کی پہلی فلم ہے جسے رواں سال مارچ میں ریلیز کیا جانا تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے سینما گھر بند ہونے کے باعث فلم کی ریلیز ملتوی کردی گئی تھی۔

فلم ’انتظار‘ کے ورلڈ پریمیئر کے حوالے سے اداکارہ سکینہ سموں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی۔

اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ’ان کی دل عزیز فلم ’انتظار‘ کا ورلڈ پریمیئر ہارلم فلم فیسٹیول نیویارک میں ہوگا‘۔

فلم میں اداکارہ ثمینہ احمد،کیف غزنوی، عدنان جعفر، رضا علی عابد اور خالد احمد نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جب کہ ’انتظار‘ کی کہانی مصنفہ بی گل نے لکھی ہے۔

خیال رہے کہ سکینہ سموں کی فلم’انتظار‘ کا ٹریلر فروری میں ریلیز کیا گیا تھا جسے خوب پسند کیا گیا جب کہ فلم کی کہانی ایک خاندان پر مبنی ہے جو نا امیدی کی صورتحال میں بھی زندگی میں خوشیاں تلاش کرتے ہیں اور انتظار کرتے ہیں کہ ابھی اور کیا ہونا باقی ہے۔

واضح رہے کہ ہارلم فلم فیسٹول کا انعقاد 2005 سے کیا جا رہا ہے جب کہ رواں سال یہ فیسٹول 10 سے 13ستمبر تک ہوگا۔