Official Web

دوسرے ٹی ٹونٹی میں انگلینڈ کی ٹیم فاتح، این مورگن کی شاندار اننگز

مانچسٹر:  پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 196 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ این مورگن 66 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

انگلینڈ ٹیم کی اننگز کی خاص بات کپتان این مورگن کی جارحانہ بلے بازی تھی۔ انہوں نے صرف 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں ڈی جے ملان 50 جبکہ جے ایم بیرسٹو 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان سب سے کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 34 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

اس سے قبل انگلینڈ ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستانی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا قومی کھلاڑیوں نے خوب فائدہ اٹھایا۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے جارحانہ اننگز کھیلی اور پانچ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 36 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 69 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں کپتان بابر اعظم 56، فخر زمان 36۔ شعیب ملک 14 جبکہ افتخار احمد 8 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جورڈن اور ٹی کے کورن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ پہلے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فلیڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ انگلینڈ ٹیم نے 16.1 اوورز میں 131 رنز بنائے تھے۔

ڈی ایل ایس میتھڈ کے مطابق پاکستان کو 16 اوورز میں جیت کیلئے 144 رنز درکار تھے تاہم بارش نہ رکنے کی وجہ سے امپائرز نے میچ دوبارہ شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔