Official Web

شہدائے کربلاؓ کو خراج عقیدت، شہر شہر جلوس برآمد، سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور:  وفاقی و صوبائی دارلحکومتوں سمیت ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، شہر شہر ،گاؤں گاؤں جلوس برآمد کئے جا رہے ہیں جن میں عزادار نواسہ رسول امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانی کی یاد میں پرسہ پیش کر رہے ہیں۔

شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت، ملک بھر میں یوم عاشور کے موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کئے گئے ہیں، بیشتر شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔ لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ شہر میں 45 دیگر جلوس اور 227 مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد نفری تعینات ہو گی۔ مرکزی جلوس کے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر محفوظ بنایا گیا ہے، جلوس کے روٹس پر موبائل سروس بند اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

شہر قائد میں دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ علی رضا نشتر پارک سے برآمد ہو گیا جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے، جلوس کی سکیورٹی پر پولیس کے 6368 افسران واہلکارتعینات ہیں، اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے 100 کمانڈوز اور آر آر ایف کی 3 کمپنیز بھی فرائض انجام دے رہی ہیں۔ ایس ایس یو کے90 اسنائپرز بھی مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔ مرکزی جلوس پر 1095 ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جلوس کے روٹس کی سوئپنگ کر رہی ہیں۔

اسلام آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوا، جلوس کی سکیورٹی پر2000 کے قریب پولیس اہلکارتعینات ہیں۔ روٹ کو کنٹینرز خاردار تاروں سے سیل کیا گیا ہے جبکہ مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی جائے گی، صدر اسٹیشن سےآئی جے پی روڈ تک میٹرو بس سروس معطل کی گئی ہے، جلوس کےدوران موبائل فون سروس بند رہے گی۔

ملتان میں یوم عاشور پر علم و ذولجناح اور تعزیے کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ہیرا حیدریہ سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں کی جانب گامزن ہے، استاد اور شاگرد کے تاریخی تعزیے کو بھی برآمد گی کیلئے امام بارگاہوں کے باہر رکھ دیا گیا جن کی زیارت کیلیے عزاداروں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔

%d bloggers like this: