Official Web

وفاقی حکومت سندھ حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت سندھ حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر صوبائی وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کراچی کے حالات پر خصوصی طور پر بات کی، اور کہا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ کراچی میں بارش سے ہونے والی تباہی اور عوام کو درپیش مسائل کے حل میں تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ریلیف سرگرمیوں کے لیے تمام وفاقی اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے طویل المدتی پلان تشکیل دیا جا رہا ہے، آئندہ چند روز میں خود کراچی جاؤں گا اور حالات کا جائزہ لوں گا۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے بارے میں اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی، ٹیسٹنگ، ٹریکنگ، کوارنٹین اسٹرٹیجی پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا۔

سیاحت کے بارے میں ٹیسٹنگ کی حکمت عملی اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی پر اجلاس کو آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ کورونا سے بچاؤ کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

اجلاس کو محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے بارے میں ایس اوپیز پر عمل درآمد پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موثر رابطے اور جامع حکمت عملی کی بدولت کورونا کے خلاف کامیابی نصیب ہوئی، حکومتی کاوشوں اور حکمت عملی کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ کو روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کا ابھی خطرہ موجود ہے جس کے لیے پوری قوم کا تعاون درکار ہے، مذہبی رہنماؤں کا کورونا کے خلاف جنگ میں تعاون لائق تحسین ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے بارے میں صوبائی حکومتوں اور اسکول انتظامیہ سے مشاورت کی جائے۔