Official Web

کشمیر پر پاکستان کی پوزیشن واضح اور مستقل ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد:  ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پر پاکستان کی پوزیشن واضح اور مستقل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت پانچ اگست کے غیر قانونی اقدام کو واپس لے اور غیر قانونی ڈومیسائل منسوخ قرار دے۔

انہوں نے قابض بھارت سے مطالبہ کیا کہ کشمیری قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے جبکہ غیر ملکی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرایا جائے۔ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔

کلبھوشن کیس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی عدالتِ انصاف کے فیصلے کے چاروں نکات پر عملدرآمد کیا۔ بھارت پاکستان کی عالمی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کیس کو پاکستان کیخلاف پراپیگنڈہ کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ کلبھوشن کہتا رہا کہ مجھ سے بات کریں، مگر بھارتی قونصلر چلے گئے۔ بھارتی وکیل مقرر کرنے کا بھارتی مطالبہ نامعقول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا اپنا فیصلہ ہے کہ غیر ملکی وکیل بھارتی عدالت میں پیش نہیں ہو سکتا۔ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر کلبھوشن یادیو کو وکیل مقرر کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ بھارت یاد رکھے کہ اپیل کا حق پاکستان کی عدالت سے ہی ملنا ہے۔ بھارت پاکستان کی عدالتوں سے تعاون کرے

افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل ایک اہم موڑ پر پہنچ گیا ہے۔ پاکستان اس کیلئے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔