Official Web

درآمد شدہ گندم آنے سے قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی: سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ درآمد شدہ گندم کی پہلی کھیپ کراچی میں لنگر انداز ہو گئی ہے، آئندہ دو روز میں مزید گندم پہنچ جائے گی، درآمدی گندم مارکیٹ میں پہنچنے سے قبل ہی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق سیّد فخر امام کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اشیاءخوردونوش بالخصوص آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جنہوں نے مصنوعی بحران پیدا کر کے قیمتوں میں اضافہ کیا اور براہ راست عوام متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی پہلی کھیپ کراچی میں لنگر انداز ہو گئی ہے اور مارکیٹ میں درآمدی گندم پہنچنے سے پہلے قیمتوں میں 100 سے ڈیڑھ سو روپے تک کی کمی آ گئی ہے۔ ستمبر میں مزید گندم آنے سے قیمتوں میں خاصی حد تک کمی واقع ہو گی، ستمبر کے آخر تک 4 لاکھ 88 ہزار ٹن گندم کی کھیپ پاکستان پہنچ جائے گی، اس کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوویڈ19 ہو یا کوئی بھی بحرانی صورتحال سندھ حکومت نے ہمیشہ مسائل پر سیاست کی ہے اور اپنی نااہلی اور بدعنوانی کو چھپانے کیلئے اس کا الزام وفاق پر عائد کیا، وفاق نے 14 کھرب سے زائد کے جو فنڈ سندھ کو دیئے وہ کہاں لگائے گئے ان کا انہیں جواب دینا ہو گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے علاوہ دیہات کی صورتحال بھی ابتر ہے، انہوں نے لاڑکانہ کو کراچی بنانے کی بجائے کراچی کو لاڑکانہ بنا دیا، بنیادی طور پر یہ ایسا مسئلہ ہے جس سے پوری قوم آگاہ ہے لیکن بلاول زرداری اور مراد علی شاہ ہی اس مسئلہ سے واقف نہیں، یہ لوگ قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں اور مزید ہوں گے۔ انہوں نے صرف یہ الزام نہیں لگایا کہ سندھ میں بارشوں کی ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نواز شریف جن مقدمات میں مطلوب ہیں اور جس عرصہ کیلئے انہیں ضمانت دی گئی تھی انہوں نے قانون کا کھلم کھلا مذاق اڑایا اور لندن کی کھلی فضاﺅں میں کافی پی رہے ہیں، انہیں واپس لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف جن مقدمات میں مطلوب ہیں اور جس عرصہ کیلئے انہیں ضمانت دی گئی تھی انہوں نے اس مقصد کیلئے اسے استعمال نہیں کیا بلکہ قانون کا کھلم کھلا مذاق اڑایا ہے اور اب مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کر رہے ہیں، جنہوں نے منی لانڈرنگ کی انہوں نے گذشتہ روز بلوں کی مخالف کی، نواز شریف کو واپس لانے کیلئے جتنے قانونی ذرائع ہیں وہ بروئے کار لائیں گے۔