Official Web

کراچی کے حالات پر چپ رہنا مجرمانہ خاموشی ہے: شاہد آفریدی

لاہور:  پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کہا ہے کہ کراچی کے حالات پر اب چپ رہنا مجرمانہ خاموشی ہے، ملک کو سب سے زیادہ آمدنی دینے والا شہر قائد انتظامیہ کی سب سے بڑی ناکامی ثابت ہو چکا۔

بارش کے بعد کراچی کے حالات پر بوم بوم شاہد خان آفریدی بھی بول اٹھے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ کراچی کے حالات پر اب چپ رہنا مجرمانہ خاموشی ہے، دل خون کے آنسو روتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھروں میں صبح سے بجلی نہیں، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، گلیاں پانی سے بھرگئی ہیں، لوگ ڈوب رہے ہیں، گٹر ابل رہے ہیں اور کچرا بستیاں نگل رہا ہے، بلدیاتی اور صوبائی اور وفاقی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ کیا ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم نے رہنے کے لیے اس شہر کا انتخاب کیا؟ یہاں کے لوگ ٹیکس دیتے ہیں لیکن انتظامیہ کون سی ذمہ داری پوری کرتی ہے؟ ملک کو سب سے زیادہ آمدنی دینے والا کراچی انتظامیہ کی سب سے بڑی ناکامی ثابت ہوچکا۔