Official Web

براعظم افریقا سے وائلڈ پولیو کا خاتمہ ہوگیا، عالمی ادارہ صحت

جنیوا: عالمی ادارہ صحت نے نائجیریا میں پولیو کے نئے کیسز سامنے نہ آنے پر براعظم افریقا کو وائلڈ پولیو سے پاک قرار دیدیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے شمال مشرقی نائجیریا میں پولیو کے آخری کیس سامنے آنے کے چار سال بعد عالمی ادارہ صحت نے براعظم افریقا میں وائلڈ پولیو کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتوں، ڈونرز، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور کمیونٹیز کی انتھک کوششوں کی بدولت 1.8 ملین بچوں کو پولیو جیسے موزی مرض سے بچالیا ہے۔

نائجیریا آخری افریقی ملک ہے جس کو وائلڈ پولیو سے پاک قرار دیدیا گیا ہے۔ نائجیریا میں آخری کیس چار سال قبل سامنے آیا تھا اور اس کے خاتمے کے لیے نائجیریا نے نصف دہائی سے بھی کم عرصے میں پولیو کو شکست فاش دیدی۔ نائجیریا میں خاتمے کے بعد یہ بیماری اب صرف افغانستان اور پاکستان میں رہ گئی ہے۔

پولیو عام طور پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو متاثر کرتا ہے، اور بعض اوقات بچوں میں ناقابل واپسی مفلوج کا باعث بنتا ہے۔ اس موزی وائرس سے موت بھی واقع ہوسکتی ہے اور اس کے علاوہ سانس لینے والے عضلات بھی فالج سے متاثر سکتے ہیں۔

پولیو وائرس سے ہونے والی بیماری کا کوئی علاج نہیں ہے، صرف پولیو ویکسین ہی بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچا سکتی ہے۔ یہ پولیو ایک ایسا وائرس ہے جو عام طور پر آلودہ پانی کے ذریعے ایک انسان سے دوسرے انسان تک پھیلتا ہے۔