Official Web

امریکی وزیر خارجہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے

واشنگٹن: متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو دونوں ملک کے دورے پر کل تل ابیب پہنچیں گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے  کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کل (بروز پیر) سرکاری دورے پر تل ابیب پہنچیں گے جہاں سے وہ متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ کا یہ اہم دورے کو مشرق وسطیٰ میں نئی سیاسی پیشرفت کا باعث بننے والے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان امن معاہدے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان معاہدے کے بعد تل ابیب کا دورہ کرنے والے وزیر خارجہ مائیک پومپیو امریکا کے پہلے سرکاری عہدیدار ہوں گے۔ امریکی وزیر خارجہ کے دورے کے ایجنڈے پر مشرق وسطیٰ میں ایران اور چین کی جانب سے مبینہ مداخلت اور سیکیورٹی خدشات بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل سے امن معاہدے طے پانے اور سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سے متحدہ عرب امارات کو اسلامی ممالک کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا اور سعودی عرب نے فلسطین کی آزادی تک اسرائیل سے تعلقات بحال نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔