Official Web

نواز شریف کی لندن روانگی سے پی ٹی آئی کے بیانیے کو شدید دھچکہ لگا: فواد چودھری

اسلام آباد:  فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بیانیے اور احتساب کے عمل کو نواز شریف کی لندن روانگی سے شدید دھچکہ لگا، ان کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت سے رابطہ اور میڈیکل رپورٹس کی انکوائری درست فیصلے ہیں۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا جعلی رپورٹس کی تیاری میں ملوث کرداروں کو نشان عبرت بنانا چاہیے۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو نے نواز شریف اور سلمان شہباز کو پاکستان لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیراعظم کو توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دلوانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق العزیزیہ ریفرنس میں سزا پر عملدرآمد کیلئے بھی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ نواز شریف کی طلبی کیلئے دفتر خارجہ کے ذریعے برطانیہ سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھی نواز شریف کے مفرور ہونے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

نیب حکام کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت ختم ہوچکی ہے، وہ مفرور ملزم و مجرم ہیں۔