Official Web

حیات بلوچ کا قتل ناقابل قبول ہے، قاتلوں کو سزا ملنی چاہیے، شیریں مزاری

اسلام آباد: وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حیات بلوچ کے قاتلوں کو سزا ملنی چاہیے۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے حیات بلوچ کے قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سخت ایس او پیز ہونے چاہئیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں، بالخصوص بلوچستان میں جہاں پہلے ہی بہت زیادہ احساس محرومی پایا جاتا ہے۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ حیات بلوچ کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، قتل میں ملوث ایف سی اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، آئی جی ایف سی نے لواحقین کے گھر جاکر انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے۔

شیریں مزاری نے مزید کہا کہ ہمیں اعتراف کرنا چاہیے کہ فضا بدل رہی ہے اور اسی طرح بدلتی رہی گی، بلوچستان اور قبائلی اضلاع سمیت ملک بھر میں کسی بھی شہری پر اس طرح کا تشدد اور قتل کرنا جمہوریت میں ناقابل قبول ہے، حیات بلوچ کے قاتلوں کو سزا ملنی چاہیے۔