Official Web

کورونا نے قومی ویمن ٹیم کی کپتان کو گول روٹی اور پراٹھا بنانا سکھا دیا

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث گھر میں جتنا عرصہ رہنا پڑا اس دوران میں نے گراؤنڈ کی طرح گول روٹی اور پراٹھا بنانا سیکھ لیا ہے۔

بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ کھانا بنانا تو پہلے بھی آتا تھا لیکن روٹی اور پراٹھا نہیں بنا سکتی تھی جو اب مجھے آ گیا ہے۔

‏ ان کا کہنا تھا کہ 5 ماہ سے گھر میں ہیں، گھر کے کام کاج تو بہت کر لیے اب بس کرکٹ کھیلنی ہے، ساتھی کرکٹرز کے ساتھ رابطہ رہتا ہے وہ بھی بس ایک ہی بات کہتی ہیں کہ اب گھر کے بہت کام کر لیے اب ہمیں کرکٹ کھلاؤ۔

انہوں نے کہا میں سمجھتی ہوں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ کے دوبارہ سے آغاز کے لیے ایس او پیز تیار کر رہا ہو گا، اس کے لیے ہمیں بائیو سیکیور ماحول میں بھی رہنا پڑا تو رہیں گی کیونکہ کبھی ہم اتنا عرصہ کرکٹ سے دور نہیں رہیں اس لیئے ہمیں اب کرکٹ کھیلنی ہے، بس اب کرکٹ شروع ہونی چاہیئے۔

اگر سسرال والے سپورٹ نہ کرتے تو میں کب کی کرکٹ چھوڑ چکی ہوتی

‏  بسمہ معروف نے کہا کہ میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مجھے سسرال بہت اچھا ملا، میری شادی فیملی میں ہوئی اور انہیں پہلے ہی علم تھا کہ میں کتنی مصروف رہتی ہوں اور مجھے کھیل کو کتنا وقت دینا پڑتا ہے، اس لیے انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہوا بلکہ مجھے سسرال نے سپورٹ کیا اور یہی وجہ ہے کہ میں نے شادی کے بعد بھی کھیل جاری رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر میرے سسرال والے مجھے سپورٹ نہ کرتے تو میں کب کی کرکٹ چھوڑ چکی ہوتی، میرے سسرال والے جڑانوالہ میں رہتے ہیں جب کہ مجھے کرکٹ کے لیے لاہور میں رہنا پڑتا ہے اس پر بھی انہوں نے کبھی اعتراض نہیں کیا۔

بسمہ معروف نے کہا کہ میری ساس ڈینٹسٹ ہیں، انہیں علم ہے کہ ورکنگ ویمن کو کتنا مصروف رہنا پڑتا ہے، اس لیے میری ساس نے مجھے کبھی روکا ٹوکا نہیں بلکہ وہ مجھے متحرک رکھتی ہیں، میری حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور میرے میچز کے بارے میں پوچھتی رہتی ہیں کہ میرے میچز کب شروع ہو رہے اور میری اگلی اسائمنٹ کیا ہے۔

%d bloggers like this: