Official Web

امریکا پاکستان کیساتھ مستقبل میں شراکت داری مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند

واشنگنٹن:  امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے نام ایک تہنیتی پیغام میں اسلام آباد کیساتھ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے پیغام میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ میں امریکی عوام اور حکومت کی طرف سے تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں، امریکا اور پاکستان نے گزشتہ 70 سے زائد برسوں سے انتہائی اہم امور پر مل کر کام کیا ہے۔

اپنے پیغام میں مائیک پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال کئی مسائل کے باوجود افغان امن عمل میں ہم نے واضح پیشرفت کی ہے اور کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے صحت اور معیشت کے شعبوں میں ہمارے تعاون کی بدولت کئی جانیں بچائی گئی ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری اور تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

دوسری طرف چینی وزیر خارجہ کے ترجمان زاؤ لیجیان نے کہا کہ آج پاکستان کا یوم آزادی ہے اور چین پاکستان کو اس دن کی مناسبت سے گرمجوشی سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مستقبل میں مزید مضبوط ہو گی، بیجنگ کو یقین ہے کہ پاکستان قومی ترقی میں بڑی کامیابیوں کو حاصل کرے گا۔