Official Web

ساؤتھ ہیمٹن ٹیسٹ: انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم نے 5 وکٹوں پر 126 رنز بنا لیے

ساؤتھ ہیمٹن:  پاکستانی بیٹسمین انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز حریف باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ گرین شرٹس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے ہیں۔ اوپنر عابد علی 60 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور عابد علی نے کیا۔

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے دوران شان مسعود تیسرے اوورز میں صرف ایک رنز بنا کر اینڈرسن کی شاندار گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس دوران عابد علی نے کپتان اظہر علی کیساتھ سست انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔

کپتان اور اوپنر کے درمیان پچاس رنز کی پارٹنر شپ بھی بنی، تاہم 78 کے مجموعی سکور پر کپتان اظہر علی 85 گیندوں پر 20 سکور بنا کر اینڈرسن کا نشانہ بن گئے۔ پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام رہنے والے عابد علی نے انگلینڈ میں اپنی ففٹی اننگز کھیلی۔

102 رنز پر عابد علی 60 سکور بنا کر ثام کوران کی گیند پر برنز کو کیچ دے بیٹھے، ان کی اس اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔ مڈل آرڈر بیٹسمینوں میں اسد شفیق مسلسل تیسری اننگز میں بھی ناکام رہے، انہوں نے 13 گیندوں پر پانچ سکور بنائے اور براڈ کی گیند پر سبلی کو کیچ دے بیٹھے۔

تقریباً گیارہ سال بعد ٹیم میں واپس آنے والے فواد عالم صرف چار گیندوں کا سامنا کر سکے اور آل راؤنڈر ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ووکس کی طرف سے ریویو لینے کے بعد بیٹسمین کو پویلین جانا پڑا۔

پورے روز میچ کے دوران بارش کی آنکھ مچولی جا رہی، جس کے باعث متعدد بار میچ کو روکنا پڑا۔ دن کے اختتام پر گرین شرٹس نے ۔5 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے ہیں، بابر اعظم 25 رنز اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 4 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے جیمز اینڈرسن نے 2، براڈ، کوران، ووکس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

%d bloggers like this: