Official Web

پاکستانی قوم 74 واں جشن آزادی آج بھرپور ملی جوش و جذبے سے منا رہی ہے

اسلام آباد: دن کا آغاز مساجد میں استحکام پاکستان اور ترقی وخوشحالی کی خصوصی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

قوم 74واں جشن آزادی آج اس عزم کے ساتھ منا رہی ہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار اور مصور پاکستان علامہ اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک باوقار اور قائدانہ کردار کا حامل عظیم سے عظیم تر ملک بنائیں گے۔

ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔ گھروں پر پاکستان کا سبز ہلالی قومی پرچم لہرائے گئے ہیں اور گلیوں اور بازاروں کو سجایا گیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں خوبصورت برقی قمقموں نے ڈی چوک کی رونق بڑھا دی ہے۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جبکہ اہم حکومتی شخصیات نے پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

مختلف اداروں میں تقریبات میں ملی نغمے اور قیام پاکستان کی جدوجہد کے حوالے سے روشنی ڈالی گئی۔ اخبارات میں خصوصی ایڈیشن اور ٹیلی ویژن چینلز پر خصوصی نشریات کا اہتمام کیا گیا۔

آج کے دن کی مناسبت سے صدر مملکت، وزیراعظم اور اہم حکومتی و سیاسی قیادت کے خصوصی پیغامات جاری ہوئے۔ تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں بطل حریت سید علی شاہ گیلانی کو نشان پاکستان دیا جائے گا۔

ایوان صدر میں مملکت پاکستان کیلئے نمایاں خدمات پر عسکری اور دیگر شعبوں میں کردار ادا کرنے والوں کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ آج نماز جمعہ کے اجتماعات میں بھی وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

کشمیر کی آزادی کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ سرکاری ٹیلی ویژن پر قیام پاکستان کے حوالے سے دستاویزی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔

مختلف مماک میں پاکستان کے سفارت خانوں اور ہائی کمیشنز میں بھی یوم آزادی کی شایان شان تقریبات ہوں گی۔ دریں اثنا بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس اور دیگر سیاسی جماعتوں نے 14 اگست کو پاکستان کا یوم آزادی یوم تشکر کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ کل 15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔