Official Web

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کا بیٹنگ کا فیصلہ، 11 سال بعد فواد کی ٹیم میں واپسی

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ساؤتھ ایمپٹن ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ محسوس کیا کہ ٹیم میں ایک اسپنر کافی ہے لہذا شاداب خان کو آرام دیکر فواد عالم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح وکٹ پر گھاس موجود ہے تو ایک اسپنر کی ہی ضرورت ہے اور ہمیں اپنی بیٹنگ کو بھی مضبوط کرنا تھا اس لیے فواد کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ موسم بہت گرم ہے اور ہم اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اچھا ٹوٹل سجانے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، ذاتی مصروفیات کی وجہ سے نیوزی لینڈ جانے والے بین اسٹوکس کی جگہ بلے باز زیک کرولے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ جوفرا آرچر کی جگہ سیم کرن کو موقع فراہم کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

مانچسٹر میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی تین وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔