Official Web

کراچی کے نالوں پر کام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں: چیئرمین این ڈی ایم اے

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ کراچی کے نالوں پر کام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی شہد سے میٹھی اور سمندر سے بھی گہری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 4 ماہ سے پاک چین دوستی کا نیا روپ سامنے آیا ہے، پاکستان میں چینی سفیر کے ساتھ ہر میٹنگ میں تعاون بڑھتا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ چین نے پاکستان میں کورونا صورتحال میں جو امداد کی وہ ناقابل فراموش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے ٹڈیوں کے تدارک کے لیے 50 اسپرئیر یونٹس بھی دیے، پاکستان میں ٹڈیوں کی صورتحال کنٹرول میں ہے، تشویش کی بات نہیں ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کم ہو گیا ہے لیکن ختم نہیں ہوا، عوام احتیاطی تدابیر کو نہ چھوڑیں۔

کراچی میں نالوں کی صفائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ کراچی کے نالوں پر کام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، پیر سے کراچی میں نالوں پر کام شروع کر دیا جائے گا۔