Official Web

پاکستان کے دور دراز علاقوں میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی کا کام جاری

اسلام آباد: انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے وزیر سید امین الحق نے کہا ہے کہ یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے ملک میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے لئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر نے یہ بات ڈاکٹر عشرت حسین کے ساتھ اسلام آباد میں ایک ملاقات میں کہی۔ انہوں نے ڈیجیٹلائزیشن، براڈ بینڈ آئی ٹی برآمدات اور ای گورننس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں آپٹیکل فائبر کی تنصیب اور ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی کا کام بھی جاری ہے۔

دوسری جانب خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل رابطے کے بڑے منصوبے چین پاکستان فائیبر آپٹک پروجیکٹ پر کام کا آغاز ہو گیا ہے اور پہلی بار دونوں ممالک کے درمیان فائیبر آپٹک کیبل فعال ہو گئی ہے۔

چینی ذرائع ابلاغ کے ادارے چائنہ اکنامک نیٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس منصوبے کو ڈیجیٹل رابطے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور یہ چین پاکستان کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تبادلے کیلئے بھی اہم ہے۔
چین کی ڈیجیٹل رابطے کی ٹیکنالوجی اب فائیبر آپٹکس کے ذریعے پاکستان کو منتقل کی جا سکتی ہے۔

منصوبے میں راولپنڈی سے خنجراب اور آخر میں چین کے ساتھ ملانے والی850 کلو میٹر زیر زمین اورفضا میں آپٹکل فائیبر کیبل بچھانا شامل ہے۔

%d bloggers like this: