Official Web

وزیراعظم کا معاشی استحکام پر اطمینان،بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے معاشی استحکام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعشاریوں میں بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موڈیز کی جانب سے ملکی معیشت کی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا جانا خوش آئند ہے۔

دوران اجلاس وزیراعظم کو قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے یہ سلسلہ بھی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ کابینہ نے مشکوک لائسنس والے پائلٹس کی معطلی کے دورانیے میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ کو ملک کے بڑے ایئرپورٹس آؤٹ سورس کرنے اور مارگلہ روڈ پر قائم تجاوزات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے پاک عرب آئل ریفائنری کے ایم ڈی کی تعیناتی کی منظوری دی۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے فورتھ شیڈول لسٹ میں شامل افراد کو استثنیٰ دینے کا معاملہ موخر کر دیا گیا ہے جبکہ نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کے چیئرمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔ 28 جولائی کو ہونے والے ای سی سی اجلاس کے فیصلوں اور 30 جولائی کو ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی گئی ہے۔