Official Web

ن لیگی کارکنوں اور پولیس میں تصادم، مریم نواز کی نیب پیشی منسوخ

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی غیر قانونی اراضی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیشی منسوخ ہوگئی۔

سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جاتی امراء سے ریلی کی شکل میں نیب لاہور آفس پہنچیں۔ اس موقع پر رانا ثنا، پرویز رشید، طلال چوہدری، دیگر ن لیگی رہنما اور بڑی تعداد میں ن لیگی کارکنان مریم نواز کے ہمراہ موجود تھے۔

مریم نواز کی گاڑی ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے چلائی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے نیب آفس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

لیگی کارکنوں نے رکاوٹیں ہٹاکر نیب دفتر جانے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں آگے جانے سے روکا جس پر لیگی کارکن بپھر گئے، انہوں پولیس پر پتھراؤ کیا اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

پولیس نے لیگی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی بھاری شیلنگ کی، واٹر کینن استعمال کی، لاٹھی چارج کیا اور جوابی پتھراؤ بھی کیا جس کے نتیجے میں کئی کارکن زخمی ہوگئے۔

پتھراؤ سے نیب بلڈنگ کو نقصان پہنچا جبکہ مریم نواز کی گاڑی کا شیشہ بھی ٹوٹ گیا۔ مریم نواز نے پولیس پر اپنی گاڑی پر حملہ کرنے کا الزام بھی لگایا۔

نیب نے حالات کی خرابی کی وجہ سے مریم نواز کی پیشی منسوخ کردی جس کے باعث مریم نواز نیب دفتر سے واپس روانہ ہوگئیں۔ نیب کے مطابق شرپسند عناصر کی جانب سے جان بوجھ کر حالت خراب کرنے کے باعث پیشی منسوخ ہوگئی اور نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

مریم نواز قافلے کے ہمراہ دوبارہ واپس نیب آفس کے باہر پہنچ گئیں جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جواب دینے آئی ہوں اور جواب دے کر ہی جاؤں گی۔