Official Web

ماں کی لوری ہمیشہ یاد آتی ہے، ماہرہ خان

معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ بچپن کی سب سے حسین یادوں میں ماں کی لوری سن کر نیند کی آغوش میں چلے جانا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں مشہور اداکارہ ماہرہ خان نے کوک اسٹوڈیو کا نغمہ ’’ نندیارے‘‘ شیئر کرتے ہوئے بچپن کی یادوں کو تازہ کیا، اپنی پوسٹ میں انہوں نے انکشاف کیا کہ زندگی میں جس چیز کی سب سے زیادہ کمی محسوس کرتی ہیں وہ ماں کا لوری سنانا تھا جس سے انہیں فوری نیند آجاتی تھی۔

ماہرہ خان نے مزید لکھا کہ مجھے بس اتنا ہی یاد ہے کہ میں نے جب سے ہوش سنبھالا ہے تب سے ہی نیند کے انتظار میں رات بھر جاگتی رہتی تھی۔ جاگتی آنکھوں سے خواب دیکھنا میرا محبوب مشغلہ ہوتا تھا۔ ان خوابوں میں اسکول میں انعام حاصل کرنا، فلم میں اداکاری کرنا اور پسندیدہ شخص سے گفتگو کرنا شامل ہوتا تھا۔
ادکارہ نے یہ بھی لکھا کہ ان کی خواہش ہوتی تھی کہ اہل خانہ جلدی سوجائیں اور میں رات بھر جاگ سکوں تاکہ اپنی مرضی کے خواب بُنوں اور خواب دیکھتے ہوئے میں یہی تصور کیا کرتی تھی کہ خدا سب دیکھ رہا ہے۔

بھارتی فلم رئیس میں شاہ رخ خان کے مدمقابل اداکاری کے جوہر دکھانے والی ماہری خان کا کہنا تھا کہ رات بھر جاگنے اور خواب ترتیب دینے کی یہ عادت اب بھی قائم ہے تاہم بچپن کے خواب پورے ہونے کے بعد اب خواب کے منظر نامے تبدیل ہوچکے ہیں۔