Official Web

پارک لین ریفرنس: آصف زرداری کی درخواستیں مسترد، 10 اگست کو فرد جرم عائد کی جائیگی

اسلام آباد: احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں نیب کے دائرہ اختیار کیخلاف آصف زرداری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پیر کے روز فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بریت درخواست خارج کرکے فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی۔ نیب ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد آصف زرداری درخواست واپس نہیں لے سکتے، ملزم جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کررہا ہے، ایک ماہ فرد جرم موخر کرواکر آج جواب الجواب پر درخواست واپس لے رہے ہیں۔

آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پارک لین ریفرنس نیب قانون نہیں بلکہ مالیاتی قوانین کا کیس ہے۔ احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ عدالت آصف علی زرداری کی بریت درخواست پر حکم جاری کرے گی۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں نیب کے دائرہ اختیار پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پارک لین نیب کا کیس ہی بنتا ہے اور پارک لین ریفرنس میں نیب کے دائرہ اختیار کیخلاف آصف زرداری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پیر کے روز فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔