یوم استحصال کشمیر: ملک بھر میں تقریب اور ریلیاں، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد: مقبوضہ جموں و کشمیرکی غیر آئینی طور پر حیثیت بدلنے کا ایک سال مکمل ہوگیا، مودی سرکار کے غیر قانونی اقدام کیخلاف پاکستان بھر میں یوم استحصال منایا جا رہا ہے، قوم شہر شہر قریہ قریہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر وزیر خارجہ شاہ محمود کی زیر قیادت یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا، سینیٹرز اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شرکا نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ریلی عوام کا کشمیر سے متعلق ریفرنڈم ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، مختلف مکتب فکر کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلی سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا، پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی ضرور ملے گی۔

کراچی میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے تحریک انصاف نے سکھر تک ٹرین مارچ کیا، شرکا کشمیر کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں، مودی کا بد ترین چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا وزیراعظم نے جو کشمیر کا نقشہ جاری کیا انشااللہ وہی حقیقی نقشہ بنے گا۔

مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی منقسم کشمیری خاندانوں نے بھارت کے خلاف ریلی نکالی، ریلی میں شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء کا کہنا تھا آزادی مانگنے پر بھارت نے کشمیر میں قتل عام کیا، بھارتی ظلم و جبر کو نہ روکا گیا تو خونی لکیر توڑ دینگے، آج مقبوضہ کشمیر پہلے سے بھی زیادہ لہو لہو ہے، کشمیری کسی بھی قیمت پر بھارت سے آزادی حاصل کر کے دم لیں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا بھارت نے اسرائیل سے سیکھا کیسے ڈیمو گرافی کو بدلا جائے، انڈیا نے اسرائیل سے ظلم سیکھا، کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال کیا، بھارت نے ظلم کرنے کیلئے اسرائیل سے ٹیکنالوجی لی۔

عارف علوی نے کہا بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے، یوم استحصال کا مقصد دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا ہے، کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے معیشت کو نقصان پہنچا، بھارت نے شملہ وفد سمیت کسی معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا۔

صدر مملکت نے مزید کہا امن کے پیغام کے باوجود بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، پاکستان نے امن قائم رکھنے کیلئے بھارتی پائلٹ کو واپس کیا، کشمیر بھارت کے ساتھ ایک قدم چلنے کو تیار نہیں، بھارت کی ہندوتوا سوچ نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں، ہر پاکستانی آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، آپ کی تکالیف کا احساس ہے، کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم سے دنیا بے خبر نہیں، نہتے کشمیری فوجی محاصرے میں دوہرا لاک ڈاؤن جھیلنے پر مجبور ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا دنیا بھر میں بھارت کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوچکا، وزیراعظم بطور سفیر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، بطور وزیر خارجہ آپ کی ترجمانی کرنا میرے فرائض میں شامل ہے، کشمیریوں کی آواز کو ہر ملک کے دارالخلافہ تک لے کر جاؤں گا، غاصبوں کو غلط فہمی کہ جبر سے کشمیریوں کی آواز دبالیں گے،4 ماہ کے لاک ڈاؤن سے دنیا کی چیخیں نکل گئیں۔