Official Web

پانچ اگست کا بھارتی اقدام کشمیریوں کی شناخت چھیننے کا مذموم طریقہ ہے، راجہ فاروق حیدر

مظفر آباد: یوم استحصال کے موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ پانچ اگست کا بھارتی اقدام کشمیریوں سے انکی شناخت چھیننے مذموم طریقہ ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت کے خون آشام وزیراعظم نریندر مودی کو کہتا ہوں کہ ریاست جموں وکشمیر تمہارے لئے ترنوالہ ثابت نہیں ہوگا۔ وہاں بسنے والے مسلمان، ہندو اور سکھ سمیت تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہری اس سازش سے اچھی طرح واقف ہیں۔ بھارت کشمیریوں کو اپنے ہی ملک میں دوسرے درجے کا شہری بنانا چاہتا ہے۔ کشمیر کی شناخت کی لڑائی وادی میں لڑی جا رہی ہے، جموں کے بھائی ساتھ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ اقوام عالم سے کہتا ہوں کہ خطے پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ کب تک آزاد کشمیر کے لوگوں کو روکا جائے گا۔ یہ ہمارا حق ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں شامل ہوں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اس خطے میں بڑا تصادم ہونے کا خطرہ ہے۔ میں خاص طور پر پی فائیو سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ مداخلت کریں اور ہندوستان کو روکیں۔ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہمیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں مل جاتا، کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی۔