Official Web

این ڈی ایم اے کراچی میں نالوں کی صفائی کا کام آج سے شروع کرے گی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کراچی کے نالوں کی بڑے پیمانے پر صفائی کا کام آج سے شروع کرے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ وزیراعظم نے کراچی جاکر صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی جس پر کراچی پہنچا جہاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے 3 ملاقاتیں ہوئیں اور کورکمانڈرکی بھی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور میئرکراچی وسیم اختر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کراچی میں بارش سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل سمجھنے کی ضرورت ہے، اس لیے موجودہ سیزن میں مسائل کے فوری حل کےاقدامات کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی کے ندی نالوں پر تجاوزات بہت زیادہ اورسیوریج کا نظام درست نہیں، شہر میں روزانہ 20 ہزار ٹن سالڈ ویسٹ پیدا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیوریج اور برساتی پانی سمیت تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کرنے جا رہے ہیں، بڑے نالوں کی صفائی کے لیے ایف ڈبلیو او کو کام سونپا گیا ہے اور 3 اگست سے شہر میں بڑے پیمانے پر کام شروع ہو جائےگا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 7 سے 9 اگست تک کراچی میں بارش کا امکان ہے تاہم ابھی فوری کوشش ہے کہ رواں سیزن کے آئندہ آنے والے برساتی سسٹم میں نقصان کم سے کم ہو، مسئلے کے مستقل حل کے لیے اسٹیک ہولڈرز کو بٹھانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی مون سون بارشوں میں کراچی کے نالے اوور فلو ہوگئے تھے اور نالوں کے ساتھ ملحقہ آبادیوں میں پانی داخل ہوگیا تھا جب کہ بارش کے باعث شہر بھر کی شاہراہیں پانی میں ڈوب گئی تھیں۔

اس صورتحال کے بعد وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو فوری طور پر کراچی جانے کی ہدایت کی تھی اور انہیں کراچی کی صفائی کا ٹاسک دیا تھا۔