Official Web

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے

مکہ مکرمہ: سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں آج عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے، مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں روح پرور اجتماعات ہوئے۔ حاجیوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی۔

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب میں نماز عید کے اجتماعات کے موقع پر سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا اور احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔ اس موقع پر اسلام کی سربلندی، امت مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

متحدہ عرب امارات، مصر، کویت، اردن، بحرین اور قطر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ انڈونیشیا، ایران، مصر اور ملائیشیا میں بھی عید سادگی سے منائی جا رہی ہے، لوگ سنت ابراہمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کر رہے ہیں۔

یورپ اور امریکا میں بھی مسلمان آج عید منا رہے ہیں۔ ترکی کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ میں بھی نماز عید کا اجتماع ہوا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر ایس او پیز کا بھی خیال رکھا گیا۔

عازمین حج نے رکن اعظم وقوف عرفات ادا کرلیا۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے دوسرے روز عازمین مقام عرفہ پہنچے اور کانپتے ہاتھوں سے خدائے بزرگ و برتر سے مغفرت طلب کرتے رہے، شیخ عبداللہ نے حج کا خطبہ دیا، نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ پڑھائی۔

حجاج نے غروب آفتاب تک میدان عرفات میں وقوف کیا جس کے بعد وہ مزدلفہ روانہ ہوگئے جہاں پہنچ کر نماز مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کی۔ آج حجاج شیطان کو کنکریاں مار کر رمی کریں گے، سنت ابراہیمی ادا کریں گے۔ بال منڈوائیں گے اور واپس منیٰ میں جمع ہونگے جس کے بعد فریضہ حج تکمیل کو پہنچ جائے گا۔

سعودی حکام کے مطابق کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور دوران حج اب تک کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔