Official Web

اپوزیشن جماعتوں کا وزیراعلیٰ کے پی کے کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق

تحریک عدم اعتماد پراپوزیشن ممبران اسمبلی سے دستخط بھی لے لئے گئے: ذرائع

پشاور:  خیبرپختونخوا اسمبلی کی ممکنہ تحلیل پر اپوزیشن نے اسمبلی کو بچانے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق کیا، تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن ممبران اسمبلی سے دستخط بھی لے لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق، مواخذے کی تحریک فی الحال اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع نہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسمبلی تحلیل کے ممکنہ اقدام کی صورت میں تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی۔

دوسری جانب صوبائی وزیر مشتاق غنی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مواخذے کی تحریک کا ہمیں کوئی ڈر نہیں، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد پیش کر کے اپنا شوق پورا کرلے، حکومت میں نہ رہے تو بھی اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ جائیں گے۔

خیال رہے پی ٹی آئی کے اس وقت حکومتی بنچوں پر 61 ارکان براجمان ہیں، ناراض ارکان بھی اس فہرست میں شامل ہیں جبکہ اپوزیشن ارکان اسمبلی کی تعداد 54 ہے، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے ناراض ارکان نے ایک بار پھر اہمیت اختیار کر لی، جماعت اسلامی کے اتحاد سے نکلنے کی صورت میں پی ٹی آئی کو سادہ اکثریت کھونے کاخدشہ ہے۔