Official Web

قومی اسمبلی نے انسداد دہشتگردی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری دے دی

اسلام آباد:. قومی اسمبلی نے انسداد دہشتگردی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔ بل مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے پیش کیا۔ اپوزیشن نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر خارجہ کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے ہنگامہ کیا، شور شرابے پر حکومتی ارکان کھڑے ہوگئے، ایوان مچھلی بازار بن گیا۔ شاہ محمود قریشی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا بولنے نہ دیا گیا تو کوئی بھی نہیں بولے گا، مراد سعید کھڑا ہو تو سب بھاگ جاتے ہیں۔

قبل ازیں لیگی رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وزیر خارجہ نے نیب بل پر رنگ بازی کی، شاہ محمود قریشی نے تمام حدیں پار کیں، تاثر دیا گیا کہ اپوزیشن نیب زدہ ہے اور قانون میں خرابی کی کوشش کر رہی ہے، خیبرپختونخوا جنت کا ٹکڑا اور وہاں فرشتے رہتے ہیں، سب ایماندار ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا نیب قوانین ڈرافٹ سے ان کی نیتیں پتہ چلتی ہیں، وزیر خارجہ لوگوں سے 5، 5 ہزار روپے کی گڈیاں پکڑتے ہیں، بعض لوگ سیاسی ورکر کے نام پر دھبہ اور توہین ہیں، وزیر خارجہ کل تقریر نہ کرتے تو ہمیں جواب نہ دینا پڑتا، رانا ثنا اللہ پر 20 کلو منشیات ڈال دی گئی، یہ روایت بند کرنا چاہتے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا تاریخ بتاتی ہے جنہوں نے غلط قوانین بنائے وہ خود اس کا نشانہ بنے، ہم بھگت رہے ہیں، عزت وقار کیساتھ مزید بھگت لیں گے، ہم تو صرف ترامیم مانگ رہے ہیں، انہوں نے احتساب کمیشن بند کر دیا، خیبرپختونخوا میں کوئی بد دیانت نہیں، سب ایماندار ہیں، ان کی صفوں میں مہا کرپٹ لوگ ہیں جن کی مثال نہیں ملتی، کسی کو بی آر ٹی، مالم جبہ اور کسی کو بلین ٹری میں استثنیٰ دیا ہوا ہے۔